اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج کےاساتذہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب
اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج و اسپتال کے حکیم احمد حسین عثمانی آڈیٹوریم میں جملہ اساتذہ کی جانب سے پیر کو پروفیسر انوار احمد قریشی وڈاکٹر وقار احمد کے سبکدوش ہونے پر ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت کالج کے پرنسپل و ڈین یونانی فیکلٹی، آیوش یونیورسٹی، گورکھپور ڈاکٹر وسیم احمد نے کی ۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر محمد اختر علی نے تلا وت قرآن مجید سے کیا ۔اس موقع پر اساتذہ نے اپنے تاثرات پیش کئے۔ پروفیسر نجیب حنظلہ عمار، پروفیسر عرفان احمد ،پروفیسر محمد شاہد ،پروفیسر محمد ضیاء بیگ ڈاکٹر قمر الحسن لاری عثمانی, اور ڈاکٹر سہیل احمد نے پروفیسر انوار کی زمانہ پرنسپل شپ، کالج کے تئیں ان کے لگاو ودلچسپی، اسٹاف سے ہمدردی وسلوک، اپنے فن میں محنت و لگن اور مطالعہ کے شوق کا تفصیلی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں پی جی کورس کے آغاز کے تعلق سے پروفیسر انوار احمد ہمیشہ کوشاں رہے اور نتیجہ کے طور پر آج کالج اتر پردیش میں ایک یونانی پی جی کالج کے طور پر نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ آپ کے پرنسپل کے دورانیہ میں متعدد گرانقدر خدمات میں گرلس ہاسٹل کی تعمیر، آڈیٹوریم کی تزئین کاری، متعدد شعبوں کا استبلشمنٹ قابل ذکر ہیں۔ پروفیسر انوار احمد قریشی نے اپنے تجربات و سرگزشت سناتے ہوتے اساتذہ و طلباء کے لئے نصیحتیں کیں۔ کالج کے معزز استاذ ڈاکٹر وقار احمد کی خدمات کوبھی سراہا گیا اور ان کے بہتر مستقبل کی دعا کی گئی۔ آخر میں ڈاکٹر وسیم احمد نے کہا کہ پروفیسر انوار احمد کی موجودگی ایک سر پرست کے طور پر تھی اور آئندہ بھی وہ ہمارے اور کالج کی سر پرستی کرتے رہیں گے۔ آپ نے مزید کہا کہ آپ کی خدمات قابل قدر ہیں اور کالج آپ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر آصف حسین عثمانی نے کی۔ڈاکٹر ارشد کافی نے کلمہ تشکر پیش کیا ۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ و جملہ اسٹاف موجود رہے۔