اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج پریاگ راج میں یونانی سروسز اتر پردیش کے نومنتخب ڈائریکٹر، پروفیسر جمال اختر کا پرتپاک استقبال*
ج 5 ستمبر 2024 کو اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج میں یونانی سروسز اتر پردیش کے معزز ڈائریکٹر، پروفیسر جمال اختر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس پروقار تقریب کا آغاز ڈاکٹرمحمد اختر علی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ تقریب کی صدارت خود پروفیسر جمال اختر نے فرمائی، جو اپنی علمی و تدریسی خدمات، وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کے اعلیٰ معیار کے لیے معروف ہیں۔ ان کی شخصیت ہر دل عزیز اور عوام و خواص میں یکساں مقبول ہے۔ پروفیسر جمال اختر نے اپنے صادارتی کلمات میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
کالج کے پرنسپل، ڈاکٹر وسیم احمد کی قیادت میں منعقدہ اس پروگرام میں انہوں نے پروفیسر جمال اختر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے تشریف لائے۔ ڈاکٹر وسیم احمد نے اپنے خطاب میں کالج کی ترقی اور اسے ایک وسیع کیمپس میں منتقل کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا، اور اس سلسلے میں ڈائریکٹر صاحب کی رہنمائی اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پروفیسر جمال اختر کی سرپرستی میں یہ خواب جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا۔
تقریب میں آل انڈیا آیوش پوسٹ گریجویٹ انٹرینس ٹیسٹ 2023 میں کامیابی حاصل کرنے والے 23 طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ خاص طور پر کالج کی ہونہار طالبہ، ڈاکٹر فرحین فاطمہ، جنہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی، اور ڈاکٹر محمد جنید، جنہوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کو ڈائریکٹر و اتر پردیش آیوش منسٹر اور کالج کی جانب سے خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں، 2018، 2019، 2020 اور 2021 بیچز کے وہ طلباء جنہوں نے سالانہ امتحان میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی انہیں بھی انعامات اور توصیفی اسناد سے سرفراز کیا گیا۔
تقریب میں کالج کے معزز اساتذہ، پروفیسر نجیب حنظلہ عمار، پروفیسر عرفان احمد، پروفیسرمحمد آصف حسین عثمانی، پروفیسر کفیل احمد، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر نصرت پروین، پونے سے تشریف لائے مہمان پروفیسر سعید احسن قادری، پی جی اسکالرز اور دیگر طلباء و کالج کے جملہ اسٹاف بھی موجود تھے۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر قمر الحسن لاری نے بہترین انداز میں سرانجام دی، اور تقریب کا اختتام کالج ترانے اور قومی گیت کے ساتھ ہوا۔