اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج ہمت گنج کی جانب سے لوک سیوا آیوگ پریاگ راج کے یومِ تاسیس کے موقع پر مفت یونانی طبی کیمپ کا انعقاد
اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج، ہمت گنج، پریاگ راج کی جانب سے آج مؤرخہ 1 اپریل 2025 کو اتر پردیش لوک سیوا آیوگ، پریاگ راج کے یومِ تاسیس کے موقع پر ایک مفت یونانی طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ لوک سیوا آیوگ، پریاگ راج کے احاطے میں منعقد کیا گیا، جہاں آیوگ کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کا طبی معائنہ، علاج اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔
کیمپ میں جوڑوں کے درد (گٹھیا) کے مریضوں کے لیے حجامہ، دلک اور دیگر معاون علاج کیے گئے۔ صبح سے شام تک مریضوں کا ہجوم رہا، اور تقریباً 260 مریضوں کا علاج کیا گیا، جن میں سے 76 مریضوں کو مختلف طریقۂ علاج سے فائدہ پہنچایا گیا۔ مریضوں نے اس طبی خدمت کو خوب سراہا۔ خاص طور پر حجامہ اور دلک کے بعد بہت سے مریضوں نے فوری سکون محسوس کیا اور اپنے تجربات کو مثبت انداز میں بیان کیا۔
لوک سیوا آیوگ کے صدر محترم شری سنجے شرینیت اور دیگر اراکین نے کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد اس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے یونانی ادویات اور طریقۂ علاج کا قریب سے مشاہدہ کیا اور اس کے مثبت نتائج سے متاثر ہوئے۔ صدرِ آیوگ نے اس اہم اقدام کی ستائش کی اور اس کو مزید فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کی۔
کالج کے پرنسپل، ڈاکٹر وسیم احمد کی رہنمائی میں یہ طبی کیمپ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسامہ احمد، ڈاکٹر فردوس انیس، ڈاکٹر محمد توصیف سمیت دیگر ماہرینِ طب، اور پی جی طلبہ میں ڈاکٹر محمد حمزہ، ڈاکٹر عبدالرّافع وانی، ڈاکٹر شاہ زما صدیقی، ڈاکٹر سدھانشو، ڈاکٹر یوگیندر کمار، ڈاکٹر شرمیلا بسواس، نیز فارماسسٹ جناب محمد اختر، مسعود عالم، امن سنگھ، اور چندربھان سنگھ سمیت چہارم درجہ کے ملازمین بھی موجود رہے۔