عوامی خدمت کی ایک مضبوط آواز خاموش، معروف سماجی کارکن ارشد صدیقی انتقال کر گئے
عوامی خدمت کی ایک مضبوط آواز خاموش، سماجی کارکن ارشد صدیقی انتقال کر گئے

معروف سماجی رہنما ارشد صدیقی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
ممبئی: معروف سماجی کارکن، انسان دوست شخصیت اور تاجر ارشد صدیقی کے انتقال کی افسوسناک خبر نے سماجی، سیاسی، کاروباری اور صحافتی حلقوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ان کا خاندان بلکہ پورا معاشرہ ایک مخلص، فعال اور درد مند شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔
مرحوم ارشد صدیقی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آف انڈیا کے چیئرمین تھے۔ وہ سابق رکن پارلیمنٹ الیاس اعظمی کے فرزند اور معروف معالج ڈاکٹر علیم صدیقی کے چھوٹے بھائی تھے۔ اپنی سادگی، خوش اخلاقی، ملنساری اور انسان دوستی کے باعث وہ ہر طبقۂ فکر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
ارشد صدیقی نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے بلا تفریق مذہب، ذات اور برادری ضرورت مندوں کی مدد کی اور ہمیشہ سماجی ہم آہنگی، بھائی چارے اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کیا۔ غریبوں، محروموں اور پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ وہ سیاسی میدان میں بھی متحرک رہے۔ ان کا تعلق بہوجن سماج پارٹی سے تھا اور وہ دھوراہرا لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بھی رہ چکے تھے۔ ان کا نرم لہجہ، مثبت سوچ اور عوام سے قریبی رابطہ انہیں ایک منفرد عوامی شخصیت بناتا تھا۔
ہند ایکتا ٹائمز کے لیے ان کا انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ اس ادارے کے سرپرست کی حیثیت سے ہمیشہ رہنمائی، حوصلہ افزائی اور تعاون فراہم کرتے رہے۔ ان کی سرپرستی اور خلوص کو ادارے سے وابستہ تمام افراد ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ارشد صدیقی کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔ ان کی رحلت کی خبر سنتے ہی ملک بھر کی سماجی، سیاسی، مذہبی اور عوامی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج شام 5:30 بجے میرین لائنز، ممبئی کے مرکزی قبرستان میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین میں اہلِ خانہ، رشتہ داروں، دوستوں، عقیدت مندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
ارشد صدیقی کی رحلت معاشرے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی فلاحی خدمات، انسان دوستی، سادگی اور عوامی خدمت کا جذبہ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گا۔ انہوں نے اپنے کردار، اخلاق اور خدمتِ خلق کے ذریعے جو روشن مثال قائم کی ہے، وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم ارشد صدیقی کی مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔
مرحوم ارشد صدیقی اصل میں براؤلی گاؤں کے رہنے والے تھے جو اعظم گڑھ ضلع کے پھول پور ترقیاتی بلاک میں واقع ہے۔ جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر گاؤں میں پہنچی، نہ صرف برولی گاؤں بلکہ پورے اعظم گڑھ ضلع میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ ارشد صدیقی اپنی نرم طبیعت، ملنسار شخصیت اور سماجی کاموں کے لیے جانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال سے خطہ ایک قابل احترام اور مقبول شخصیت سےمحروم ہو گیا ہے۔
WhatsApp number 993678 8786



