اعظم گڑھ: الامین نیشنل اسکول میں اے ایم یو کے نو منتخب سیکریٹری حمدان احمد کا والہانہ استقبال، پروقار تقریب میں پیش کی گئیں مبارک باد
اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ نے والہانہ انداز میں کیا خیرمقدم، نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا

اعظم گڑھ کے منگراوا رائے پور میں الامین نیشنل اسکول میں آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نو منتخب سیکریٹری جناب حمدان احمد کی آمد پر ایک پُروقار اور یادگار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکول کے اساتذہ، منیجر، پرنسپل، انتظامیہ اور طلبہ نے نہایت جوش و خروش اور گرم جوشی کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر اسکول کے ڈائریکٹر جناب احمد ریحان فلاحی صاحب اور اعظم گڑھ ویلفیئر سوسائٹی کے جوائنٹ سیکریٹری جناب عبداللہ اعظمی صاحب نے حمدان احمد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔استقبالیہ تقریب کے دوران اسکول کے بچوں کی محبت، اساتذہ کی اپنائیت اور انتظامیہ کا خلوص نمایاں طور پر دیکھنے کو ملا۔ طلبہ اور اساتذہ نے جس محبت اور احترام کے ساتھ حمدان احمد کا استقبال کیا، اس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔اس موقع پر حمدان احمد کی کامیابی کو نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری، لگن اور خلوص کے ساتھ انجام دیں گے اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی، سماجی اور فکری ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
تقریب کا ماحول خوش گوار، پُرجوش اور محبت و احترام سے سرشار رہا۔
آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ جناب حمدان احمد کو زندگی کے ہر میدان میں مزید کامیابیوں سے نوازے، ان کے لیے ترقی و کامرانی کے نئے دروازے کھولے اور انہیں قوم و ملت، بالخصوص تعلیمی و سماجی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین!



