مرحوم ارشد صدیقی انسان دوستی اور خدمتِ خلق کی روشن مثال تھے: شاہ عالم گڈو جمالی
ارشد صدیقی کے انتقال سے سماجی خدمت کا ایک روشن باب اختتام پذیر

قانون ساز کونسل کے معزز رکن اور سابق ایم ایل اے شاہ عالم گڈو جمالی نے ممتاز سماجی کارکن مرحوم ارشد صدیقی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسان دوستی، بے لوث خدمت، اخلاص اور سماجی ہم آہنگی کی ایک درخشاں مثال تھے۔ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم ارشد صدیقی نے اپنی پوری زندگی معاشرے کے محروم، نادار، یتیم، بے سہارا اور مصیبت زدہ افراد کی خدمت کے لیے وقف کر دی، اور ہمیشہ بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب اور ذات انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا۔شاہ عالم گڈو جمالی نے کہا کہ مرحوم کی فلاحی خدمات کا دائرہ تعلیم، صحت، قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں اور خصوصاً COVID-19 وبا کے مشکل ترین دور تک پھیلا ہوا تھا، جہاں انہوں نے بے شمار ضرورت مند خاندانوں کی خاموشی سے مدد کی۔ ان کی خدمات، ایثار، قربانی اور انسان دوستی کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ارشد صدیقی کی باوقار شخصیت، اعلیٰ اخلاق، سادگی، خوش مزاجی اور خدمتِ خلق کا جذبہ معاشرے کے ہر فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کا انتقال نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ پورے سماج، فلاحی حلقوں اور ان تمام افراد کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے جن کی زندگیوں میں انہوں نے امید، سہارا اور خوشیاں بانٹیں انہوں نے کہا کہ مرحوم کا روشن کردار، انسانیت سے محبت اور خدمتِ خلق کا عظیم ورثہ ہمیشہ زندہ رہے گا اور آنے والی نسلوں کو معاشرے کی بھلائی، اخوت، محبت اور ایثار کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ ایسے باکردار اور مخلص انسان صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، جن کی نیکیاں اور خدمات وقت گزرنے کے ساتھ مزید روشن ہوتی جاتی ہیں۔آخر میں شاہ عالم گڈو جمالی نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم ارشد صدیقی کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت کرے، جنت الفردوس میں بلند درجات نصیب فرمائے، اور سوگوار خاندان، عزیز و اقارب، دوستوں اور تمام چاہنے والوں کو یہ عظیم صدمہ صبر و حوصلے کےساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
لکھنؤ میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں معروف سماجی کارکن اور ماہرِ تعلیم مرحوم ارشد صدیقی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سماجی کارکنوں، مذہبی شخصیات، ماہرینِ تعلیم اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے ان کی سماجی، تعلیمی اور انسانی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔مقررین نے کہا کہ ارشد صدیقی نے اپنی پوری زندگی تعلیم کے فروغ، فلاحی کاموں، قدرتی آفات کے متاثرین کی امداد، غریبوں کی کفالت، طالبات کی تعلیم، اجتماعی شادیوں، مفت طبی کیمپوں اور کورونا وبا کے دوران آکسیجن، ادویات اور راشن کی فراہمی جیسے بے مثال کاموں کے لیے وقف رکھی۔ ان کے مطابق مرحوم نے بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا اور اپنی خدمات کے ذریعے ایک ایسی روشن میراث چھوڑ گئے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔تعزیتی اجلاس میں سابق مرکزی وزیر کوشل کشور، نسیم الدین صدیقی، اروند سنگھ گوپ، بابو سنگھ کشواہا، شاہ عالم گڈو جمالی، اکھلیش یادو، سنگرام یادو، مولانا خلیل ندوی، راشد فرنگی محلی سمیت متعدد سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کر کے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ نظامت سماج وادی پارٹی کے ترجمان امیک جمائی نے انجام دی۔



